کراچی:حلیم عادل شیخ کیخلاف مقدمات کے معاملے میں ان کے بیٹے احسن عادل شیخ نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ ہفتہ کو اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے بیٹے احسن عادل شیخ نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
احسن عادل شیخ نے درخواست میں موقف اپنایا کہ درخواست گزار رکن سندھ اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر حلیم شیخ کا بیٹا ہے۔ میرے والد کے خلاف سیاسی انتقام کے نام پر متعدد ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔
درخواست گزار نے وکیل کے توسط موقف اپنایا کہ ان مقدمات میں ضمانت کے باوجود ہمارے گھر پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ 27 نومبر کو میری بہن کی شادی ہے سب کے علم میں ہے۔ ہمارے گھر پر 17 نومبر کی شام کو چھاپہ مارا گیا ہے۔
درخواست میں احسن عادل شیخ نے یہ موقف بھی پیش کیا کہ ہمارے گھر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی گئی گارڈز کو ہراساں کیا گیا تھا۔ پولیس گھر میں داخل ہوکر ہراساں کرتی رہی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ خدشہ ہے پولیس میرے والد کو گرفتار کرکہ ان کی تضحیک کرے گی، استدعا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے تمام مقدمات، انوسٹی گیشن، انکوائریز کی تفصیلات طلب کی جائیں اور ان کی گرفتاری سے روکا جائے۔
