ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لیے ایمنسٹی اسکیم ہفتے کے روز 31 دسمبر کو ختم ہو جائے گی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لیے دی جانے والی ایمنسٹی سیکیم 31 دسمبر کو ختم ہو جائے گی۔ اس سلسلے میں ایمنسٹی اسکیم ختم کرنے کے لیے وزارت داخلہ نے نادرا کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یکم جنوری سے پاکستان میں اوور اسٹے کرنے والے غیر ملکی باشندوں سے جرمانہ وصول کیا جائے۔ نادرا ایگزٹ پرمٹ کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں پر ایک سال سے زیادہ اوور اسٹے کرنے والوں سے جرمانہ کی رقم وصول کرے گا۔
ایمنسٹی اسکیم ختم ہونے پر ایک سال سے زیادہ اوور اسٹے کرنے والوں کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا جائے گا۔ وزارت داخلہ نے 29 جولائی سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے لیے اسکیم جاری کی تھی۔
ایمنسٹی اسکیم کے تحت غیر ملکیوں کو پاکستان سے نکلنے کے لیے بھاری جرمانے کی رقم ادا نہیں کرنا تھی۔

