اسلام آباد:وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں اسکول آن ویلزمنصوبے کا افتتاح کردیا۔
ابتدائی طور پر 8 بسوں پر مشتمل سکول آن ویلز منصوبہ اسلام آباد اور گردو نواح کے بچوں کو موبائل سکولز کے ذریعے تعلیم فراہم کرے گا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سکول کے اساتذہ اور بچوں سے ملاقات کی اور ان سے سوال جواب کئے، اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین اور دیگر بھی موجود تھے،وزیراعظم نے اس موقع پر خصوصی طورپر ڈیزائن کی گئی بسوں کابھی معائنہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کوتعلیم کے زیور سے آراستہ کرنااولین ترجیح ہے ، موبائل لائبریری دور دراز کے بچوں کوتعلیم دلوانے کا بہترین ذریعہ ہے ،بچے قو م کے معمار ہوتے ہیں ،تعلیم کے لیے ہرممکن اقدام کریں گے ۔کول آن ویلز منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ توقع رکھتے ہیں کہ یہ موبائل سکولز دیہات میں تعلیم کا نقلاب لے کر آئیں گے اور ان سے ہزاروں لاکھوں بچوں،جو دیہاتوں کی گلیوں کی دھول میں گم ہو جاتے ہیں، کو تعلیم کی سہولت حاصل ہو گی اور وہ پاکستان کے عظیم معمار بنیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ اس منصوبے کا دائرہ کار چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک پھیلانے کا جائزہ لیاجائے ۔ اس سے بڑی اور کوئی قومی خدمت نہیں ہو سکتی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس منصوبے کے آغاز پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک گیر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا ، رواں سال 24کروڑ سے زائد درخت لگائے جائیں گے، شجر کاری کوملکی سطح پر فروغ دینا ہوگا۔بعد ازاں وزیرِ اعظم نے پودا لگا کر ملک گیر موسمِ بہار شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔
