اسلام آباد:وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سعو دی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی خطے کے امن کے لیے انتہائی اہم ہے،پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو اسلام آباد میں بلاول بھٹو سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی،ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے ملاقات میں سعودی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا،بلاول بھٹو نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی خطے کے امن کے لیے انتہائی اہم ہے،پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
