ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

دیارِ غیر میں ریاستی مفادات کو اپنی سیاسی وابستگیوں پر فوقیت دی جائے،وزیر قانون

واشنگٹن:وفاقی وزیر قانون وانصاف سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سمندر پارپاکستانی ملک کا بیش قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے نہ صرف ہمیشہ وطن عزیز کی شان بڑھائی ہے بلکہ مشکل کی ہر گھڑی میں مادر وطن کی آواز پر لبیک کہا ہے۔پاکستان ہم سب کی پہچان ہے اور ہم  اس کے وقار کے محافظ و علمبردار ہیں۔ دیارِ غیر میں ریاستی مفادات کو اپنی سیاسی وابستگیوں پر فوقیت دی جائے۔

سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی کمیونٹی رہنمائوں اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے معززین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض مفاد پرست عناصر کی جانب سے سمندر پار پاکستانی کمیونٹی میں تفرقہ ڈالنے اور انہیں اپنے ہی وطن اور حکومت سے بدگمان کرنے کی خاطر انتہائی مضحکہ خیز پراپیگنڈہ کیا جار ہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف  سمندر پار پاکستانیوں کو اپنے ہی ملک کے خلاف بیرونی حکومتوں اور قانون سازوں سے رجوع کے لئے اکسایا جا رہا ہے وہاں من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی کہانیوں سے انہیں اپنے سفارخانوں اور وطن واپسی کے حوالے سے گمراہ کیا جا رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اوورسیز کے حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے نہ تو کوئی لسٹ بنائی گئی اور نہ اس حوالے سے کوئی اور ایسا  اقدام اٹھایا گیا ۔وزیر قانون نے کہا کہ اوورسیز ہمارا حصہ ہیں۔ ہمارا اور آپ کا رشتہ دائمی ہے، سمندر پار پاکستانی ملک کی شان ہیں اور پاکستان ہی ان کی اصل پہچان ہے۔ پاکستان کا وقار سربلند رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر سردار محمد  مسعود خان اور کمیونٹی رہنما ساجد تارڑبھی وزیرِ قانون کے ہمراہ تھے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان اور کابینہ اراکین کے جذبات مشترک ہیں اور کابینہ کا ہر رکن بیرون ملک پاکستانیوں کو اپنا اثاثہ مانتا ہے اور دل و جان سے ان کی قربانیوں کا مشکور ہے۔

نو مئی کو شہدا کی بے حرمتی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچائے جانے اور وطن عزیز اور ریاستی اداروں کو ناقابل تلافی  نقصان پہنچانے کی مذموم سازش  اور اس میں ملوث ملزمان کے خلاف کاروائی پر بات کرتے ہوئے وزیرِ قانون نے کہا ملک کی دونوں  بڑی سیاسی قوتوں کی تاریخ جمہوری جدوجہد سے بھری پڑی ہے تاہم سیاسی جدوجہد اور فتنہ گیری و ملک دشمنی کے فرق کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی  مہذب معاشرہ اپنے قابل فخر اداروں اور شہدا پر حملہ برداشت نہیں کرسکتا اور اس حوالے سے قانون اپنا راستہ اختیار کرتا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے کسی ممکنہ واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں