کراچی:آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے اسٹینڈ بائی معاہدے کی منظوری کے بعد کاروباری دن کا آغاز ڈالر کی قیمت میں اچانک بڑی گراوٹ کے ساتھ ہوا۔
ڈالر کی قدر میں گزشتہ تین روز سے مسلسل کمی جاری تھی، جس کے بعد جمعرات کے روز ڈالر کی انٹربینک مارکیٹ میں قیمت یکدم 5 روپے 47 پیسے گھٹ گئی، جس سے ڈالر 272 روپے کی سطح پر آ گیا۔
انٹربینک مارکیٹ میں اتار چڑھا کا رجحان شروع ہوا اور ڈالر کے ریٹ 2 روپے 61 پیسے گھٹ کر 274 روپے 86 پیسے پر آ گئے جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 2 روپے کمی کے ساتھ 279 روپے کا ہوگیا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی آئی ایم ایف اسٹینڈ بائی معاہدے کی منظوری کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور جمعرات کے روز 100 انڈیکس 247 پوائنٹس کی مندی کے ساتھ 45266 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا، تاہم اس سے پہلے بیشتر وقت میں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈالر کی انٹربینک مارکیٹ میں قیمت کمی کے بعد 278 روپے سے بھی نیچے آ گئی تھی جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر اپنی قدر گرنے کے بعد 281 روپے کی سطح پر تھا۔
