کراچی: روزنامہ جسارت کے ایڈیٹر مظفر اعجاز نے سینئر صحافی قاضی سراج العابدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ روزنامہ جسارت میں گذشتہ پینتس سال تواتر کے ساتھ محنت کشوں کا صفحہ نکال کر قاضی سراج نےایک تاریخ رقم کی ہے۔
روز وی ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ قاضی سراج کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرمظفر اعجاز نے کہاکہ قاضی سراج نے بلا امتیاز سب کی خبروں کو جگہ دی کبھی اپنی تنخواہ بڑھانے کے لیے ہمارے پاس نہیں آئے صرف ایک دفعہ آئےاور پریشان ہوکر کہا کہ میرے علم میں آیا ہے کہ محنت کشوں کا صفحہ بند کیا جارہا ہے اگر ایسا ہوا تو مزدوروں کے ساتھ جسارت کو بھی نقصان ہوگا انھیں اپنی ذات سے زیادہ محنت کشوں کے صفحہ کی فکر ہوتی تھی۔
بابائے مزدور نیشنل لیبر فیڈریشن کے بانی اور وی ٹرسٹ کے چیئرمین پروفیسر شفیع ملک نے کہا کہ قاضی سراج کے کام کو جاری رکھنے کی اشد ضرورت ہے وی ٹرسٹ اس حوالے سے ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہے، قاضی سراج سب کو ساتھ لے کر چلتے تھے آج اسی لیے سب انھیں یاد کرتے ہیں۔
پیپلز لیبر بیورو کےرہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ موجودہ حالات میں محنت کشوں کی حالات زار بہتر نہیں ہے انکی کم ازکم تنخواہوں میں اضافہ اور انکے روزگار کا تحفظ کرنا ناگزیر ہے ۔قاضی سراج نے ٹریڈ یونین صحافت میں جو مثالی کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔
