English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان کی پوری سیاسی قیادت غزہ کو بچانے کی جدوجہد میں شریک ہو، سراج الحق

القمر

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی قیادت غزہ کو بچانے کی جدوجہد میں شریک ہو۔

ٹھوکر نیاز بیگ پر عوامی اجتماع  اور مختلف مدارس میں دعوتی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے  سراج الحق نے کہا کہ حکمران، سیاسی قیادت محض بیانات دینے سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ اسرائیلی جارحیت پر مسلمان حکمرانوں کی خاموشی افسوس ناک ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل امیر العظیم بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ او آئی سی سربراہی اجلاس کے نتائج امت کی توقعات کے برعکس تھے۔ امریکا کے خوف سے غزہ کی مدد کے لیے عملی اقدامات کا اعلان نہیں کیا گیا۔  نگران حکومت آنکھیں بند کر کے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن لے رہی ہے، نگرانوں کو پالیسی معاملات پر فیصلوں کا اختیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی جہنم بنا دی، آٹے کی قیمت 150فی کلو تک پہنچ گئی، لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں، بچوں کا پیٹ پالنا مشکل ہو گیا۔ حیران ہوں ہر حکومت نے عوام کے بجائے آئی ایم ایف کی تابعداری کی۔ ملک پر سالہاسال سے مسلط حکمران طبقات ایک اور موقع مانگ رہے ہیں۔ یہ سو سال بھی اقتدار میں رہے تو بہتری نہیں آئے گی۔ قوم بہتر مستقبل، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے جماعت اسلامی کو موقع دے۔

دریں اثنا ناروے سے آئے ہوئے علما اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات پر مشتمل وفد سے منصورہ میں ملاقات کے دوران امیر جماعت نے کہا کہ اسلاموفوبیا یورپ کے لیے بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے، مغربی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ وہاں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کے حقوق اور عقیدہ کے تحفظ کے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی شعائر کی توہین، خواتین کو حجاب پہننے پر نشانہ بنائے جانے پر حکومتیں خاموش تماشائی کا کردار ادا نہ کریں،اس سے پونے 2 ارب مسلمانوں کے جذبات بری طرح مجروح ہوتے ہیں۔ مغرب و امریکا کی حکومتیں اسرائیل کے معاملے پر بھی اپنی دوہری پالیسی ترک کریں۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ اہل فلسطین کے لیے مغربی اسٹیبلشمنٹ کا تعصب پسندانہ رویہ سراسر ناانصافی اور ظلم پر مبنی ہے، جب تک ظالم کی حمایت اور ظلم بند نہیں ہو گا، انسانیت کو امن، ترقی اور خوشحالی نصیب نہیں ہو سکتی۔ انھوں نے کہا کہ اسلام انسانیت اور انسانی خون کے احترام کا درس دیتا ہے، اسلام رشتوں کی قدر کی بات کرتا ہے۔ امت متحد ہو کر ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرے۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک معاشی، سیاسی لحاظ سے عدم استحکام کا شکار ہے اور اس کی ذمے داری سابقہ حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے، جنہوں نے عوامی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔ حکمرانوں کے فیصلوں کی وجہ سے ادارے کمزور ہوئے اور ملک قرضوں کی دلدل میں دھنس گیا۔

انہوں نے کہا کہ مسائل سے نکلنے کا واحد راستہ اہل اور ایمان دار قیادت ہے، قوم کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ اقتدار آزمائے ہوئے ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو ہی دینا ہے یا ان لوگوں کو آگے لایا جائے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں عوام کی خدمت کی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ آزمائی ہوئی پارٹیوں کو مزید آزمانے سے مزید تنزلی آئے گی، عوام سے اپیل ہے کہ وہ 8فروری کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواران کو ووٹ دیں۔ جماعت اسلامی اہل فلسطین کی مدد کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔ لاہور میں 19نومبر کو عظیم الشان مارچ ہو گا جس میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے