اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین ایف بی آرامجد زبیرکی سرزنش کر تے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کی کارکردگی میر ی سمجھ سے باہر ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم آفس کے ترجمان نے کہاکہ ایف بی آر کی کارکردگی میں ناکامی پر وزیراعظم نے چیئرمین امجد زبیرکو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ کارکردگی دکھانے میں ناکام ہو توعہدے سے ہٹ جائیں۔
چیئرمین امجد زبیر کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ادارے میں لابنگ ہو رہی ہے، افسران کام نہیں کر رہے، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بنے2ماہ ہو گئے،آپ مجھے اب بتا رہے ہیں کہ ادارے میں افسران کام نہیں کر رہے۔
چیئرمین امجد زبیر نے ملازمین کو عہدے سے ہٹوا کر ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
خیال رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو، ریونیو کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، ایف بی آر کا ابتدائی 10 ماہ میں ریونیو شارٹ فال 48 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، ایف بی آ ر نے 7414 ارب روپے کے ہدف کے مقابلہ میں 7366 ارب روپے جمع کیے۔
