وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انتشار کی آزاد کشمیر میں حالات خراب کرنے کی سازش ناکام ہوئی۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے اقدامات سے دشمن کی سازش ناکام ہوگئی، مہنگائی میں کمی تحریک انتشار سمیت کسی کو ہضم نہیں ہورہی، ہر سازش کو اللّٰہ کے فضل سے ناکام بنائیں گے، تحریک انتشار یہ سوچ رکھتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح انتشار پھیلے، ماضی کی نااہل حکومت اور ہماری حکومت میں زمین آسمان کا فرق ہے، ہماری حکومت کا کام زخموں پر مرہم رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کا جن قابو میں آرہا ہے، بیرونی سرمایہ کاری دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔ اسٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈ توڑ رہی ہے، بین الاقوامی وفود آرہے ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری کی بات کررہے ہیں تو یہ باتیں ملک دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہورہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ جیل سے باتیں کرنے والے کو اپنی کرپشن کا جواب دینا چاہیے، آپ قیدی ہیں، سزا یافتہ ملزم ہیں ، آپ نے آئی ایم ایف اور دیگر معاملات میں ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، 9 مئی پر معذرت کریں اور 9 مئی کو تسلیم کریں، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں پر پرچہ کیوں نہیں ہوتا؟ وہ تینوں وہاں موجود تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں جو پولیس والے شہید ہوئے ان کے خاندان کے ساتھ مکمل ہمدردی ہے اور ہم کسی کو کشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے نہیں دیں گے

