اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کو فوری طور پر ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سمن رفعت امتیاز نے محفوظ فیصلہ سنایا جس میں عدالت نے کہا کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے 2022 اور 2023 میں سابقہ مالک کو نوٹس جاری کیے تھے اور پرانے مالک کو نوٹس کیوں بھیجے گئے اس کی کوئی وضاحت نہیں کی جا سکتی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نوٹس یا شوکاز نوٹس کی کوئی رسید ریکارڈ پر نہیں ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے پی ٹی آئی کے دفتر کو سیل کرنے کا حکم پی ٹی آئی کو لکھا گیا اور نہ ہی اس کی کاپی بھیجی گئی۔
عدالت نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کو فوری طور پر ڈی سیل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ اگر قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو سی ڈی اے کارروائی کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 3 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کا مرکزی سیکریٹریٹ سیل کرنے اور سی ڈی اے آپریشن کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
