اسلام آباد:دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستانی انتخابات سے متعلق منظور ہونے والی قرارداد بے مقصد ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس میں منظور ہونے والی پاکستان کے انتخابات کے حوالے سے قرارداد دراصل پاکستان کے سیاسی حالات کی نامکمل اور ادھوری سمجھ کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکی کانگریس میں 25 جون کو منظور ہونے والی قرارداد کا نوٹس لیا ہے، تاہم پاکستان سمجھتا ہے کہ اس مخصوص قرارداد کا وقت اور سیاق و سباق دونوں ممالک کے روابط کے مثبت عمل کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی صورتحال اور انتخابی عمل کی نامکمل تشریح کی گئی۔پاکستان، دنیا کی دوسری سب سے بڑی پارلیمانی جمہوریت اور مجموعی طور پر پانچویں سب سے بڑی جمہوریت ہے، ہمارے اپنے قومی مفاد کے مطابق آئین، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کی اقدار کا پابند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی احترام اور تعمیری بات چیت پر یقین رکھتا ہے۔ اس طرح کی قراردادیں نہ تو تعمیری ہیں اور نہ ہی بامقصد۔ امید ہے کہ امریکی کانگریس پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں معاون کردار ادا کرے گی، باہمی تعاون کی راہوں پر توجہ مرکوز کرے گی جس سے ہمارے عوام اور ممالک دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔

