بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی قوم نے میری ماں کا دل توڑ دیا۔ وہ اس وقت بہت دل گرفتہ ہیں۔ کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ جس قوم کے لیے دن رات ایک کردیے وہ یوں پلٹ جائے گی اور ایثار و قربانی کو یوں بھلادے گی۔
انڈیا ٹوڈے ٹی وی سے ایک انٹرویو میں دل کے پھپھولے پھوڑتے ہوئے شیخ حسینہ واجد کے بیٹے نے کہا کہ میرں ماں نے جب اقتدار سنبھالا تب ملک بہت بُری حالت میں تھا۔ اُنہوں نے دن رات ایک کرکے اِس قوم کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا۔ اب وہی قوم اُن کے نظریں پھیر چکی ہے۔
سجیب کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی طرف سے شیخ حسینہ واجد کو سیاسی پناہ دینے سے انکار سے متعلق تمام باتیں بے بنیاد ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ میری ماں نے ابھی تک کسی بھی ملک میں سیاسی پناہ کی درخواست دی ہی نہیں۔ ابھ تک انہوں نے یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ اُنہیں کہاں قیام کرنا ہے۔ جب انہوں نے سیاسی پناہ کی درخواست دی ہی نہیں تو انکار کا کیا سوال۔

