
راولپنڈی (صباح نیوز) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ بات آرمی چیف نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کی پیپلز لبریشن آرمی گرائونڈ فورسز کے کمانڈر جنرل لی کیاومنگ سے پیر کے روز جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ دورے پر آئے ہوئے مہمان نے پاک فوج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو تسلیم کرتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی۔ جنرل سید عاصم منیر نے مہمان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں جنرل ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر جنرل لی کیاومنگ نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا اور پاک فوج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
