English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پختونخواہ اوربلوچستان میں دھماکے و فائرنگ ،4 اہلکار شہید

سوات: مالم جبہ روڈ پرریموٹ کنٹرول دھماکے کا نشانہ بننے والی سفیروںکے سیکورٹی قافلے میںشامل پولیس موبائل جائے وقوعہ پر کھڑی ہے
سوات: مالم جبہ روڈ پرریموٹ کنٹرول دھماکے کا نشانہ بننے والی سفیروںکے سیکورٹی قافلے میںشامل پولیس موبائل جائے وقوعہ پر کھڑی ہے

سوات /ژوب/اسلام آباد(نمائندگان جسارت/مانیٹرنگ ڈیسک) سوات‘ژوب اور خاران میں سفارتکاروں کے قافلے‘ پولیس وین اور عدالت کے باہر بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں اے ایس آئی سمیت 4اہلکارشہید جبکہ 9افراد زخمی ہوگئے‘ فورسز کاعلاقے کامحاصرہ ‘ حملہ آوروں کی تلاش کیلیے آپریشن ‘سفارتکاروں کو نقصان نہیں پہنچا‘ تمام غیرملکی سفیروں کو بحفاظت اسلام آباد منتقل کردیا گیا‘ صدر آصف علی زرداری‘ وزیراعظم شہبازشریف کا واقعات پر اظہارافسوس‘ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کاعزم۔تفصیلات کے مطابق سوات کے علاقے جہان آباد میں پولیس وین میں دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔سوات میں مالم جبہ روڈ پر واقع جہان آباد کے علاقے میں پولیس سفارتکاروں کے قافلے کو نشانہ بنایاگیا‘دھماکے کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے۔زخمی اہلکاروں کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔شہید اہلکار کی شناخت کانسٹیبل برہان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں سب انسپکٹر سرزمین، کانسٹیبل امان اللہ اور کانسٹیبل حبیب گل شامل ہیں۔ دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا تاہم دھماکے کی نوعیت کا پتہ نہ چل سکا۔ڈی آئی جی سوات محمد علی خان نے بتایا کہ دھماکے کے جگہ پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی اور امدادی کام جاری ہے جبکہ سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے اور دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے علاقے ژوب میں پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں انسداد دہشت گردی فورس کے 3اہلکار شہید ہوگئے۔ژوب کے قریب گزشتہ رات پولیس کی گاڑی پر فائرنگ سے اے ایس آئی شہید اور تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ژوب ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن راستے میں دو زخمی اے ٹی ایف اہلکار دم توڑ گئے۔شہید تین اہلکاروں میں سے دو کی شناخت امیر محمد منگل زئی شیرانی اور شفیق اللہ کے ناموں سے ہوئی۔ادھربلوچستان کے ضلع خاران میں سیشن کورٹ کے قریب دستی بم حملے میں6فراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق خاران میں سیشن کورٹ کے قریب دستی بم حملہ ہوا ہے، دھماکے سے 2 موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا، دھماکے سے6 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔علاوہ ازیں وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق آج سوات اور مالم جبہ سے اسلام آباد واپس آتے ہوئے سفارتکاروں کے سیکورٹی قافلے پر حملہ ہوا، اس طرح کے واقعات دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ ترجمان کے مطابق قافلے میں شامل پولیس کی وین پر آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا، جبکہ تمام سفارتکار بحفاظت اسلام آباد واپس پہنچ گئے ہیں۔وزارت خارجہ نے شہید اہلکار کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور حملے میں زخمی ہونے والے 3پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ دہشت گردی واقعات پرصدرآصف علی زرداری نے مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیاہے اور ورثا سے اس واقعہ پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔ اپنے بیان میں صدر نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر نہ صرف ملک و قوم بلکہ اِنسانیت کے دشمن ہیں۔ صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور دھماکے میں زخمی افراد کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔مزید برآں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ژوب میں اینٹی ٹیررزم فورس کے اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کی بلندی درجات کی دعا کی ہے ۔وزیراعظم نے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے