جیکب آباد (نمائندہ جسارت) سینئر سیاستدان الٰہی بخش سومرو جیکب آباد میں سپردِ خاک، شہر میں سوگ کا ماحول۔ تفصیلات کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی و سینئر سیاستدان الٰہی بخش سومرو کا جسد خاکی کراچی سے جیکب آباد پہنچایا گیا، جہاں عید گاہ گراؤنڈ میں مرحوم کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں بھتیجے سابق نگراں وزیر اعظم محمد میاں سومرو، فرزند زبیر سومرو، محمد عمر سومرو، افتخار سومرو، مولا بخش سومرو، ابراہیم جتوئی، ڈاکٹر اے جی انصاری، منصب خان جکھرانی، ایڈووکیٹ آصف سومرو، سردار سخی عبدالرزاق کھوسو، راجہ خان جکھرانی، محبوب سومرو، علی نواز پہنور، غلام مرتضیٰ جتوئی، امیر علی جتوئی، عبدالحئی سومرو سمیت ہزاروں کی تعداد میںمعززین، سیاستدانوں، شہریوں اور عزیزواقارب نے شرکت کی، مرحوم کو آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا، بزرگ سیاستدان کی وفات کے سوگ میں صرافہ یونین کی جانب سے صرافہ بازار بند کردیا گیا، جبکہ شہر کی دیگر مارکیٹیں بھی بند کی گئی تھیں، شہر بھر میں سوگ کا ماحول تھا، سابق اسپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو کا جیکب آباد کی انتہائی معزز شخصیت میں شمار ہوتا تھا اور ان کا جیکب آباد ضلع کی سیاست میں بڑا اثر و رسوخ ہوا کرتا تھا، وہ 2بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور وفاقی وزیر سمیت قومی اسمبلی کے اسپیکر بھی رہ چکے تھے۔
