English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیلی وحشیانہ بمباری جاری ، غزہ میں حملوں سے 40 فلسطینی شہید 

جبالیہ :غزہ میں جاری اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 40 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں شمالی غزہ کے قصبے جبالیہ میں ایک رہائشی عمارت پر حملے سے دو درجن کے قریب افراد شامل ہیں ۔

فلسطینی مرکز برائے انسانی حقوق کے مطابق، صبح سویرے ایک تین منزلہ عمارت پر حملے سے کم از کم 24 افراد شہید جبکہ اردگرد کے علاقوں سے 30 دیگر زخمی ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے ویڈیوز میں جبالیہ کے قریب ایک اسپتال کے باہر متعدد لاشوں کو کمبل میں لپٹا ہوا دکھایا گیا ہے، جو غالباً اسی عمارت کے متاثرین ہیں جہاں تقریباً 30 افراد رہائش پذیر تھے۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے جبالیہ میں ایک مقام کو نشانہ بنایا جہاں حماس لڑائی کے لیے تیاری کررہا تھا جو اسرائیلی ڈیفنس فورس (IDF) کے اہلکاروں کے لیے خطرہ تھے۔

غزہ شہر میں، سبرا محلے میں ایک گھر پر فضائی حملے سے فلاحی امور کے اہلکار وائل الخور، ان کی بیوی، بیٹا، دو بیٹیاں اور تین پوتے پوتیاں شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ اس رپورٹ کا جائزہ لے رہی ہے۔

فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے تعاون سے جبالیہ کے العودہ اسپتال سے 20 مریضوں کو غزہ شہر کے ایک اور مرکز میں منتقل کیا، حالانکہ ایک مریض اسرائیلی چیک پوائنٹ پر تاخیر کی وجہ سے شہید ہوگیا۔

جبالیہ کے اسپتالوں کے ارد گرد اسرائیلی فوج نے کئی ہفتوں سے ناکہ بندی کر رکھی ہے اور کھانے، طبی سامان اور ایندھن کی قلت کے باوجود، اسپتال کے عملے نے اپنی عمارتیں اور مریض نہیں چھوڑے ہیں ۔

حماس کے عسکری ونگ نے شمالی جبالیہ کے بیت لاہیہ میں 15 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا، تاہم اسرائیل نے اس دعویٰ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور یہ ابھی تک غیر تصدیق شدہ ہے۔

فلسطینی سول ایمرجنسی سروس نے اکتوبر 5 کو شروع ہونے والے شمالی غزہ کے قصبوں اور پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی کارروائیوں کے باعث اپنی سرگرمیاں معطل کر دیں۔

اسرائیل نے کہا ہے کہ اس کے فوجی جبالیہ، بیت لاہیہ اور بیت حانون میں موجود ہیں تاکہ حماس کے جنگجوؤں کو دوبارہ منظم ہونے سے روکا جا سکے۔

سیزفائر کی کوششیں اب تک ناکام رہی ہیں۔ قطر، جو مصر اور امریکا کے ساتھ ثالثی کر رہا ہے، نے کہا کہ وہ اپنی کوششیں دونوں فریقین کی سنجیدگی نہ دکھانے تک روک دے گا ۔ تاہم حماس اور اسرائیل نے ابھی تک کوئی سرکاری ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

یہ تنازع 7 اکتوبر 2023 کو اس وقت شروع ہوا جب حماس نے اسرائیلی علاقوں پر حملہ کیا، جس میں تقریباً 1,200 افراد ہلاک اور 253 افراد کو یرغمال بنایا گیا۔ اس کے بعد سے، اسرائیل کی فوجی مہم نے غزہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور فلسطینی صحت کے حکام کے مطابق تقریباً 43 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے