لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پیاز اور ٹماٹر کی پیداوار میں اضافے کے لیے 3 ارب روپے کی لاگت سے جدید میکانائزڈ فارمنگ منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت کاشتکاروں کو زرعی آلات، پلانٹرز اور پرونرز پر 70 فیصد سبسڈی دی جائے گی جبکہ پیاز اور ٹماٹر کی ویلیو ایڈیشن کے لیے ڈرائرز، گریڈرز اور پلپنگ یونٹس پر بھی 70 فیصد سبسڈی فراہم کی جائے گی ۔
ضلع لودھراں، ملتان اور وہاڑی میں پیاز کی جبکہ خوشاب، شیخوپورہ اور مظفر گڑھ میں ٹماٹر کی جدید کاشت کی جائے گی۔ چھ اضلاع میں 25 ایکڑ تک کے زمین مالکان کو فارمر انٹرپرائز گروپس میں شامل کیا جائے گا اور انہیں جدید زرعی طریقوں پر تربیت دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سبزیوں کی فارمنگ کے باضابطہ منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ کسانوں کو عالمی منڈی سے منسلک کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ میکانائزڈ اور گروپ فارمنگ سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ کاشتکاری کی لاگت میں بھی کمی آئے گی، جس سے کاشتکاروں کی خوشحالی ان کا وژن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیاز اور ٹماٹر جیسی روزمرہ کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، اس لیے صوبائی حکومت ان اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
کاشتکار مزید معلومات کے لیے محکمہ زراعت کی ویب سائٹ، فیس بک پیج یا زراعت رہنمائی دفاتر سے رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ ان کی سہولت کے لیے 0800-17000 پر ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے۔

