English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت کا دارالحکومت رہنے کے قابل نہیں رہا

نئی دہلی:بھارت کے دارالحکومت دہلی میں آلودگی انتہائی خطرناک حدود سے بھی آگے نکل گئی ہے۔ دہلی اور نئی دہلی میں مجموعی طور پر کروڑوں افراد کے لیے سانس لینا دوبھر ہوگیا ہے۔ یہی حال دہلی سے ملحق علاقوں کے لاکھوں باشندوں کا بھی ہے۔ کم و بیش پچاس کلو میٹر کے محیط میں آلودگی اس قدر ہوچکی ہے کہ لاکھ کوشش کے باوجود فضا کو درست حالت میں رکھنا ممکن نہیں ہو پارہا۔

فضائی آلودگی کی پیمائش کرنے والے آلات کے مطابق پورے دہلی میں کہیں بھی فضا اِتنی صاف نہیں کہ اُسے اطمینان بخش قرار دیا جاسکے۔ شہر بھر میں 39 مقامات پر ایئر کوالٹی انڈیکس لگے ہوئے ہیں۔ یہ آلات بتاتے ہیں کہ شہر بھر میں فضائی آلودگی کی کیفیت کیا ہے۔ 21 اسٹیشنز کی رپورٹ یہ ہے کہ آلودگی انتہائی حدود زیادہ ہے اور بیمار و معمر افراد کے لیے صورتِ حال بہت پیچیدہ ہے۔ دُھند بھی پڑ رہی ہے اور دُھواں بھی بہت زیادہ ہے۔ اِس کے نتیجے میں لوگوں کے لیے سانس لینے کے ساتھ ساتھ معمول کی سرگرمیوں میں حصہ لینا بھی دشوار ہوچکا ہے۔ سڑکوں کا یہ حال ہے کہ چند میٹر دور کی چیزیں بھی دکھائی نہیں دے رہیں۔ اس کے نتیجے میں ٹریفک بہت گھٹ گئی ہے۔ لاکھوں افراد کام پر جانے سے بھی قاصر ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سے ملحق بھارتی پنجاب اور ہریانہ میں ہر سال فصلوں کا کچرا جلائے جانے پر جو دھواں پیدا ہوتا ہے وہ دُھند کے ساتھ مل کر اسموگ میں تبدیل ہو جاتا ہے اور یہ اسموگ پنجاب سے دہلی تک قیامت ڈھاتا ہے۔ پاکستان میں لاہور اور اُس سے ملحق بہت سے علاقوں میں بھی صورتِ حال سنگین تر ہے۔ لاہور میں بھی اسموگ کے باعث سانس لینا انتہائی دشوار ہوچکا ہے۔ اس حوالے سے حکومت اقدامات بھی کر رہی ہے تاہم ہر سال کی طرح اِس سال بھی اسموگ نے مشکلات کھڑی کر رکھی ہیں اور لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے