English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پیٹرول کے نرخ میں اضافہ عوام دشمنی ہے ،یونس قائمخانی

القمر

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت اوراسے عوام دشمن فیصلہ قراردیتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر محمد یو نس قائم خانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ اس سے غربت اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، پہلے ہی عوام کمر توڑ مہنگائی،بے امنی، مہنگی بجلی اور ظالمانہ ٹیکسز سے تنگ آچکے تھے اب پیٹرول قیمتوں میں اضافہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ حکومتی بے حسی اور عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اضافے سے مہنگائی کا نیاطوفان آئیگا جس کے نتیجے میں روزمرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں سمیت رکشا ٹیکسی مسافرگاڑیوں کے کرایوں میں اضافہ ہوجائے گا۔ عوامی مفاد کی خاطر فیصلہ واپس ، مفت خوری ختم، لیوی دیگرٹیکسزمیں کمی کے ذریعے عوام کوریلیف دیکر عزت کے ساتھ رہنے کا حق دیا جائے سندھ پاکستان کے پسماندہ صوبوں میں سے ایک ہے جہاں کی آبادی کی اکثریت پہلے ہی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ سندھ کے دیہی علاقوں میں بچوں کی نشوونما کو روکنا عام ہے کیونکہ لوگ اتنے غریب ہیں کہ اپنے خاندان کا پیٹ بھرنے کے قابل نہیں ہیں۔ تیل کی قیمتوں میں اضافہ غربت اور بھوک کے نئے دروازے کھول دے گا حکومت عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے رہی بلکہ نئے ٹیکسوں ،مہنگے ایندھن اور توانائی کے ذریعے ان پر سخت دباؤ ڈال رہی ہے۔ یہ کتنی بدقسمتی کی بات ہے کہ ہمارا ملک ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود غذائی اشیا کا خالص درآمد کنندہ ہے جوکہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔جماعت اسلامی سندھ کے رہنما نے حکومت سے غریب عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے لوگ اب بھی پچھلے سیلابوں کے بھاری نقصانات سے دوچار ہیں اور انہیں نئے گھر دینے کا وعدہ نہیں کیا گیا۔ غریب لوگوں کو مفت سولر پینل فراہم کرنا اب بھی دور کا خواب ہے۔ سکھر حیدرآباد موٹروے میں بہت تاخیر وفاقی اور صوبائی دونوں سطح پر صوبہ سندھ کے عوام کو نظر انداز کرنے کا ثبوت ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لے کر غریب عوام کومکمل ریلیف دیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے