کنری(جسارت نیوز)کنری اور سامارو پولیس کے منشیات فروشوں کیخلاف چھاپے،مجموعی طور پر تین ملزمان گرفتار،گٹکا/ماوا،دیسی شراب اور چرس برآمد کرکے مقدمات درج کرلئے۔تفصیلات کے مطابق کنری پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او افتخار باجوہ کا علاقے سے منشیات کا قلعہ قمع کرنے کیلئے پے در پے چھاپا مار کارروائیاں جاری ہیں۔ایس ایچ او افتخار باجوہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ منشیات فروشوں کیخلاف مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ملزم امان اللہ بھٹی گرفتار کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے 100 گٹکا/ماوا پڑیاں برآمد کرلیں جبکہ ایک دوسری کارروائی میں منشیات فروش بلاول کھوسو کو گرفتار کرکے 730 گرام چرس برآمد کرلی،تاہم سامارو تھانہ کے ایس ایچ او احمد بخش راہموں دیسی شراب کی بھٹی پر چھاپا مار کر ملزم گوند گجراتی گرفتار کرکے اس سے5 لیٹر دیسی شراب برآمد کرلی،کنری اور سامارو پولیس نے گرفتار تینوں منشیات فروشوں کیخلاف گٹکا ایکٹ اور حدود آرڈیننس کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔ایس ایچ او افتخار باجوہ کا کہنا ہے کہ منشیات ایک ناسور ہے جس سے نوجوان نسل پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ کنری تھانے کی حدود میں کسی کو بھی منشیات کا دھندہ نہیں کرنے دیں گے۔ منشیات فروش کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو اس معاملے کسی سے بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،دوسری جانب شہر کے سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں نے منشیات کیخلاف مسلسل کی جانے والی کارروائیوں کو سراہا ہے۔
