
ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر اپنے پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ برطانوی وزیراعظم سعودی عرب پہنچے تو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبداالرحمن اور برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ خالد بن بندر بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔ ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سر کیئر اسٹارمر نے سعودی ولی عہد کو مشرق وسطیٰ میں طویل مدتی استحکام کی حمایت کا یقین دلایا۔ دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان سیاسی، اقتصادی، ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دفاعی شراکت داری کو تقویت دینے اور زیادہ دفاعی صنعتی تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
