کراچی(نمائندہ جسارت)شہر قائد میں پارا چنار واقعے پر جاری دھرنوں کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا،عوام پریشانی کا شکار، شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا، مریضوں کولے جانے والی ایمبولینسیں بھی ٹریفک جام میں پھنس گئیں، شہریوں کی سہولت کے لیے پاکستان ریلوے نے کینٹ سے روانہ ہونے والی تمام ٹرینوں کو ڈرگ روڈ اور لانڈھی اسٹیشنز پر اضافی اسٹاپ دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں پارا چنار واقعے کے خلاف مذہبی جماعت کی جانب سے گزشتہ رات سے شہر کے مختلف مقامات پر مذہبی جماعت کے احتجاجی دھرنوں کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بدترین ٹریفک جام کے باعث شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا، متعدد مقامات پر مریضوں کولے جانے والی ایمبولینسیں بھی پھنس گئیں۔ یونیورسٹی روڈ ، شاہراہ فیصل ، شاہ فیصل کالونی سمیت شہر کے 7 مقامات پر ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کا دھرنے دیے، اسٹار گیٹ سے کراچی ائرپورٹ کی جانب سڑک مکمل طور پر بندہے ، اسٹار گیٹ ائرپورٹ کے مقام پر مظاہرین سے مذکرات کے بعد ائر پورٹ اور نیشنل ہائی وے آنے جانے والے دونوں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ۔ اسٹار گیٹ اور ملیر15 پر احتجاجی دھرنے کے باعث شارع فیصل پر شدید ٹریفک جام ہے۔ شارع فیصل پر کالا چھپرا اور شاہ فیصل کالونی میں احتجاج کیا جارہا ہے۔ مین نیشنل ہائی وے ملیر 15سے قائد آباد جانے والی سڑک بھی بند ہے، شارع فیصل سے کالا چھپرا آنے جانے والی دونوں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ ائرپورٹ جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ نمائش چورنگی اور ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن کے قریب بھی دھرنا جاری ہے۔ نمائش چورنگی سے گرومندر جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ عباس ٹاؤن سے سپر ہائی وے جانے اور آنے والی سڑک بھی بند ہے۔ تاہم مظاہرین سے مذاکرات کے بعد مین نیشنل ہائی وے آنے جانے والے دونوں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے ۔فائیو اسٹار چورنگی بھی ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے، سروس روڈ سے ٹریفک کی روانی کی جارہی ہے، اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ میٹرو شاپنگ سینٹر نیپا کی جانب سڑک بند ہے۔ علاوہ ازیں شہر قائد کے مختلف مقامات پر مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہونے والی تمام ٹرینوں کو ڈرگ روڈ اور لانڈھی اسٹیشنز پر اضافی اسٹاپ دے دیا گیا ہے۔ ریلوے ترجمان کے احتجاج اور سڑکوں کی بندش کی وجہ سے اسٹیشن بڑھائے گئے ہیں تاکہ سڑکوں کی بندش کی وجہ سے جو مسافر کینٹ اسٹیشن نہ پہنچ سکیں وہ ڈرگ روڈ اور لانڈھی اسٹیشن سے ٹرین میں سوار ہوسکیں۔
