English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عمران خان اپنے نہیں، عوام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، شبلی فراز

The constitution and law are being played

اسلام آباد:سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے واضح کیا ہے کہ عمران خان کسی ذاتی رعایت یا گنجائش کی تلاش میں نہیں ہیں بلکہ وہ پاکستان کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران شبلی فراز نے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور سیاسی انتقام کے تحت درج مقدمات ختم کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک پرامن سیاسی جماعت ہے جو تشدد اور انتہاپسندی کی کسی بھی شکل کی مخالفت کرتی ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ملک کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر چلنا چاہیے اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کی مذمت ضروری ہے۔ انہوں نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کے بارے میں کہا کہ پی ٹی آئی اس تاثر کو مسترد کرتی ہے کہ عمران خان اپنے لیے کوئی سہولت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں اور عوام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جو بھی بات چیت ہوگی، وہ عوامی مفاد میں ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو درپیش مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور مہنگائی نے عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کی کامیابی یا ناکامی کی ذمے داری اس برائے نام حکومت پر عائد ہوگی۔

شبلی فراز نے یاد دلایا کہ عمران خان 500 دن سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں لیکن ان کے موقف اور اصولوں میں کوئی لچک نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ملک کے آئینی و جمہوری اصولوں کے لیے کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاسی اختلافات کو طاقت کے ذریعے دبانے کے بجائے مسائل کا حل مذاکرات اور آئین کے ذریعے تلاش کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے