بانئ پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی نے رمضان المبارک کے بعد بھرپور تحریک چلانے کی ہدایت کی ہے۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے اسد قیصر اور عمر ایوب کو ٹاسک دیا ہے اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف چھوڑنے والوں کے خلاف 9 مئی کے واقعات میں کوئی مقدمہ نہیں چلایا گیا اور آج بھی سرکاری گواہان کو پیش کیا گیا ہے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم ریاست سے آئین اور قانون کے مطابق انصاف مانگتے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ میں اوپن ٹرائل کی درخواست دائر کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ثناء اللّٰہ مستی خیل کو سیاسی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، عمران خان نے رمضان المبارک کے بعد بھرپور تحریک چلانے کی ہدایت کی ہے۔

