ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

آئی ایم ایف و ورلڈ بینک اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کیلیے وزیر خزانہ امریکا روانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے واشنگٹن روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اہم عالمی مالیاتی اداروں، سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

6 روزہ اس دورے کے دوران ان کا شیڈول انتہائی مصروف رکھا گیا ہے، جس میں 65 سے زائد اجلاس، تقریبات اور ملاقاتیں شامل ہیں۔

محمد اورنگزیب اپنے دورے کے دوران آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA) کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس دوران ان کی عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے بالمشافہ ملاقات بھی طے ہے، جب کہ وہ اجے بنگا کی خصوصی دعوت پر مختلف ممالک کے وزرائے خزانہ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیر خزانہ کا آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جارجیوا سے ملاقات بھی طے ہے، جو G24 اور مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقا و پاکستان (MENAP) ممالک کے پلیٹ فارم پر منعقد ہوگی۔ اس موقع پر وہ بطور کلیدی مقرر خطاب کریں گے، جہاں پاکستان کے اقتصادی استحکام، ٹیکس اصلاحات اور ڈیجیٹل معیشت کی پیش رفت پر روشنی ڈالیں گے۔

محمد اورنگزیب ایف بی آر کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے متعلق عالمی بینک کے زیرِ اہتمام راؤنڈ ٹیبل اجلاس میں بھی شریک ہوں گے، جہاں مختلف ممالک کے ٹیکس حکام اپنی اصلاحاتی کامیابیاں پیش کریں گے۔ اسی طرح وہ ورلڈ اکنامک فورم کے زیرِ انتظام دو بڑے پروگرامز میں بھی شرکت کریں گے۔

دورے کے دوران ان کی ملاقاتیں چین، سعودی عرب، ترکیہ، آذربائیجان اور برطانیہ کے وزرائے خزانہ سے بھی طے ہیں۔ وزیر خزانہ وائٹ ہاؤس، امریکی محکمہ خزانہ اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے، جب کہ وہ کانگریس کی فنانشل سروسز کمیٹی اور یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے ارکان سے سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کریں گے۔

علاوہ ازیں محمد اورنگزیب عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں، بین الاقوامی کمرشل بینکوں اور مشرقِ وسطیٰ کے سرمایہ کار بینکوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ پاکستان کے مالیاتی شعبے میں اعتماد کی بحالی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

وزیر خزانہ اپنے قیام کے دوران معروف تھنک ٹینکس جیسے اٹلانٹک کونسل اور پیٹرسن انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اکنامکس کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ پاکستان کی معاشی اصلاحات، پائیدار ترقی اور علاقائی سرمایہ کاری کے امکانات پر روشنی ڈالیں گے۔

ان کا یہ دورہ پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر اقتصادی تعاون کے نئے دروازے کھولنے کا اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں