کراچی: جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول دل کا دورہ پڑنے کے بعد انتقال کر گئے۔
وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر امجد سراج نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق پروفیسر شاہد رسول کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ڈاکٹر شاہد رسول 11 ستمبر 2021 سے جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز تھے اور ان کی خدمات کو میڈیکل شعبے میں نمایاں مقام حاصل تھا۔ ان کے انتقال پر اسپتال کے اہلکار اور طبی کمیونٹی میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پروفیسر شاہد رسول کی اچانک وفات سے جناح اسپتال کی انتظامی سرگرمیوں پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے اور اسپتال انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کے لیے متبادل انتظامات شروع کر دیے ہیں۔