بلوچستان کے شہر ژوب میں ٹرک اڈہ اس وقت خوف و ہراس کا منظر پیش کرنے لگا جب وہاں کھڑے ایک آئل ٹینکر اور کوئلے سے لدے ٹرک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
آگ لگنے کا یہ افسوسناک واقعہ چند ہی لمحوں میں شدت اختیار کر گیا جس کے باعث قریبی علاقے بھی متاثر ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ کولنگ کے عمل میں حصہ لیا۔ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے میں کافی وقت لگا کیونکہ آئل ٹینکر میں موجود آتش گیر مواد نے صورتحال کو مزید خطرناک بنا دیا تھا۔
حادثے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 16 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں میں ٹرک اور آئل ٹینکر کا عملہ، فائر بریگیڈ کے اہلکار اور پولیس افسران بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ حکام نے علاقے کو محفوظ قرار دے کر ٹریفک بحال کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔
