اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان گرفتار کیے گئے اور مجموعی طور پر 1467.455 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت 40 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
تعلیمی اداروں میں کارروائی کے دوران جام شورو یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 4 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، جس پر گرفتار ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ طلبہ کو منشیات فروخت کرتا رہا ہے۔
دیگر اہم کارروائیوں میں لاہور کے جی پی او سے آسٹریلیا جانے والے پارسل سے کپڑوں میں جذب 1.300 کلو گرام آئس، شاپنگ مال کی بیسمنٹ میں گاڑی سے 120 گرام کوکین، خلیل آباد کے قریب گاڑی سے 99 کلو گرام آئس، 73 کلو گرام چرس اور 50 کلو گرام افیون، قلعہ عبداللہ پیر علیزئی کے قریب 1000 کلو گرام چرس اور ہزار گنجی، کوئٹہ میں 240 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
علامہ اقبال ائیر پورٹ کے کارگو شیڈ سے برطانیہ جانے والے پارسل میں 3 لیڈیز بیگ سے 35 گرام ہیروئن بھی قبضے میں لی گئی۔
اے این ایف نے کارروائیوں کے بعد تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا ۔
