لاہور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ اب واضح فیصلہ کن مرحلہ آ چکا ہے اور جیل سے دیا گیا پیغام صاف ہے کہ جدوجہد آزادی تک جاری رہے گی، اس کے بعد کسی پسپائی یا غلطی کی گنجائش نہیں بچی۔
پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت، اپوزیشن لیڈر اور پارٹی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اس وقت حکومتی رویہ غیر جمہوری، بدتہذیبی اور عدم برداشت کی عکاسی کر رہا ہے، چکری سے لاہور تک ان کے قافلے کو بار بار روکا گیا اور پولیس کا رویہ افسوسناک رہا جبکہ پنجاب اسمبلی کے بعض اسٹاف کے طرزِ عمل پر بھی شدید مایوسی ہوئی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف جہاں بھی جاتی ہے عوام عزت و احترام کے ساتھ استقبال کرتے ہیں کیونکہ یہ جماعت نفرت نہیں بلکہ محبت اور اتحاد کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،عمران خان ہی پاکستان کے استحکام، امن اور مستقبل کی ضمانت ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ملکی معاشی صورتحال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چند سال قبل ملک پر قرضہ 44 ہزار ارب روپے تھا جو آج بڑھ کر 80 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جبکہ نوجوان روزگار کی تلاش میں ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں اور معیشت بدترین بحران سے گزر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو حکمران عوام کو سہولیات دینے کے دعوے کرتے تھے، انہوں نے قومی اداروں کو فروخت کرنا شروع کر دیا، حتیٰ کہ پی آئی اے جیسے ادارے کو بھی بیچ دیا گیا،یہ تاثر دینا کہ پنجاب عمران خان کے ساتھ نہیں کھڑا، سراسر غلط ہے کیونکہ 8 فروری کو عوامی ردعمل نے سب کچھ واضح کر دیا تھا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف کسی طاقتور یا جھوٹے خداؤں سے نہیں ڈرتی، تاریخ بتاتی ہے کہ ظلم کرنے والے دراصل کمزور اور خوفزدہ ہوتے ہیں،عوامی طاقت کے سامنے ظلم زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکتا، بس ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق کسی سیاسی خاندان سے نہیں، ان کے نام کے ساتھ نہ بھٹو ہے نہ شریف، اس کے باوجود وہ وزیراعلیٰ ہیں کیونکہ عمران خان نے موروثی سیاست کا حصار توڑا اور متوسط طبقے کو آگے آنے کا موقع دیا۔ آج اسمبلیوں میں بڑی تعداد مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کی موجودگی اسی تبدیلی کا ثبوت ہے۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ کسی ایسی کرسی کو قبول نہیں کرتے جو انہیں اپنے نظریے سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کرے، قیادت کی ہدایات آ چکی ہیں اور اب تحریک انصاف بھرپور اسٹریٹ موومنٹ کے لیے خود کو منظم کرے گی۔
