اسلام آباد: پاک افغان سرحد کی حالیہ بندش کے معاملے پر ایک عالمی جریدے نے پاکستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے اسے سیکورٹی کے نقطہ نظر سے مناسب اقدام قرار دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال اور سرحد پار حملوں کے تناظر میں پاکستان کا فیصلہ قومی سلامتی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔
عالمی جریدے یوریشیا ریویو کے مطابق پاکستان کےلیے افغانستان کے ساتھ سرحدی انتظام صرف کسٹمز یا تجارت کا معاملہ نہیں بلکہ قومی بقا اور سلامتی سے جڑا مسئلہ ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا، جن میں سیکورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔
جریدے کے مطابق ایسے حالات میں سرحدی راستوں کی بندش پاکستان کی جانب سے اپنے شہریوں کے تحفظ کےلیے ایک اسٹریٹجک اور دفاعی قدم ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا موقف ہے کہ کابل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشتگردی ہے۔
جب تک سرحد پار حملوں اور عسکریت پسند عناصر کی سرگرمیوں کا تدارک نہیں ہوتا، اعتماد کی فضا بحال ہونا مشکل ہے۔