English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جیٹ فیول مہنگا ہونے سے فضائی کرایوں میں بڑے اضافے کا خدشہ

القمر

خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں ہوائی جہازوں کے ایندھن کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد پاکستان میں آپریٹ کرنے والی متعدد ایئر لائنز نے فضائی کرایوں میں اضافے کی تیاری شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے 93 پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 342 روپے 32 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ اس اضافے کے بعد ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کے فضائی کرایوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پیٹرولیم ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد جہازوں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں مجموعی طور پر 153 روپے 39 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔

اس اضافے نے ایئر لائنز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ ایک سے دو روز میں پاکستان میں آپریٹ کرنے والی تمام اندرون اور بیرون ملک جانے والی ایئر لائنز اپنے کرایوں میں اضافہ کر سکتی ہیں۔

ابتدائی اندازوں کے مطابق اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں تقریباً 20 فیصد جبکہ بین الاقوامی روٹس پر 30 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

فضائی صنعت سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپ، امریکا، کینیڈا اور خلیجی ممالک کے لیے فضائی کرایوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے لندن جانے والی پروازوں کے کرایوں میں ایک لاکھ روپے تک اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان سے پیرس، استنبول، نیویارک اور ٹورنٹو کے فضائی کرایوں میں 80 ہزار سے لے کر ڈیڑھ لاکھ روپے تک اضافہ متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق عید کے موقع پر بیرون ملک سے وطن آنے والے پاکستانیوں کے لیے یہ اضافہ بڑا معاشی جھٹکا ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ فضائی سفر مہنگا ہونے سے مسافروں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے