English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

افغانوں کو جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شہریت دلانے والا نیٹ ورک بے نقاب

القمر

بنوں:  افغان باشندوں کو جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شہریت دلانے والا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔

ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی ہدایت پر پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈز جاری کروانے والے ایک منظم گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔ آپریشن میں 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ایس پی سٹی توحید خان اور ایس ایچ او ریاض خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ چھاپا مار کر ملزمان اجمل، بادشاہ خان اور افغان شہری نقیب شاہ کو گرفتار کیا۔ نقیب شاہ کا تعلق افغانستان کے صوبے خوست سے ہے جو غیر قانونی طور پر چمن بارڈر سے داخل ہوا تھا۔

تفتیش کے دوران گرفتار افغان شہری نے انکشاف کیا کہ اس کے والد نے کوئٹہ اور میرانشاہ سے تعلق رکھنے والے مفرور ملزمان کے ساتھ 28 لاکھ روپے میں پاکستانی شناختی کارڈ اور دستاویزات کے حصول کا سودا طے کیا تھا۔ یہ گروہ انتہائی مہارت سے کام کر رہا تھا۔

گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ افغان باشندوں کو مقامی پاکستانی خاندانوں کا حصہ ظاہر کر کے جعلی کوائف تیار کرتے تھے۔ اس غیر قانونی کام کے لیے ہر ایک افغان شہری کی شمولیت پر متعلقہ خاندان کو 2 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے معاوضہ دیا جاتا تھا۔

ڈی پی او یاسر آفریدی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ نیٹ ورک کے دیگر مفرور ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس ٹیمیں کوئٹہ اور میرانشاہ سمیت مختلف علاقوں میں ان کے ٹھکانوں کا سراغ لگا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی سالمیت اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے ۔ اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جعلی دستاویزات اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی شخص کو قانون کی گرفت سے نہیں بچایا جائے گا اور انہیں سخت سزا دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے