English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

 امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری، پاکستان کی ثالثی میں پیش رفت کا دعویٰ

القمر

اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے تک پہنچنے کے لیے سفارتی سطح پر مذاکرات اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی اور ممکنہ حل کے لیے کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔

ایک امریکی عہدیدار کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان سفارتی حل کے لیے براہِ راست اور بالواسطہ رابطے جاری ہیں، یہ بیان پاکستان میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے بعد سامنے آیا ہے، جنہوں نے خطے میں سفارتی سرگرمیوں کو نئی سمت دی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان کی ثالثی میں اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دور منعقد ہوا تھا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔ اس مذاکراتی عمل کو خطے میں ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی وفد کی قیادت نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کر رہے تھے، جبکہ وفد میں خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل تھے۔ دوسری جانب ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کی جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے یہ مذاکرات تقریباً 24 گھنٹے جاری رہے، جن میں متعدد ادوار پر مشتمل سنجیدہ بات چیت ہوئی،پاکستان نے فریقین کے درمیان پل کا کردار ادا کیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ مل کر سفارتی کوششوں کو آگے بڑھایا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں فریقوں نے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مذاکرات کا یہ سلسلہ مثبت سمت میں جاری رہے گا، خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے تمام فریقین کا جنگ بندی کے عزم پر قائم رہنا ضروری ہے۔

پاکستانی حکام کے مطابق اسلام آباد خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنا کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے