English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مذاکرات میں پیش رفت ضرور ہوئی ہے لیکن بنیادی نکات پر اختلاف برقرار ہے، ٹرمپ

القمر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں کچھ نکات پر اتفاق ہو چکا ہے تاہم تہران نے یورینیئم افزودگی بند کرنے اور ایٹمی ہتھیار نہ رکھنے سے متعلق اہم شرائط ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے اپنے بیان میں ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکا ایران کو کسی بھی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا، مذاکرات میں پیش رفت ضرور ہوئی ہے لیکن بنیادی نکات پر اختلاف برقرار ہے جس کے باعث معاہدہ تاحال حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی بندش کو غیر دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز چونتیس بحری جہاز اس اہم گزرگاہ سے گزرے، جو ایران کی جانب سے پابندیوں کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے، اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی تجارت کسی نہ کسی حد تک بحال ہو رہی ہے۔

امریکی صدر نے مغربی ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایران کے معاملے پر امریکا ہی ڈٹ کر کھڑا ہوا ہے جبکہ دیگر ممالک اس طرح کا مؤقف اختیار کرنے کی ہمت نہیں کر سکے، ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور بعض ممالک نے امریکا کو تعاون کی پیشکش بھی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے آج بھی امریکا سے رابطہ کیا گیا ہے اور وہ معاہدہ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، ماضی میں طے پانے والے نکات کے باوجود یورینیئم افزودگی اور جوہری ہتھیاروں سے متعلق شرائط پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بڑی تعداد میں آئل ٹینکرز امریکا کا رخ کر رہے ہیں تاکہ اعلیٰ معیار کا تیل خریدا جا سکے جو عالمی توانائی منڈی میں امریکا کے کردار کو ظاہر کرتا ہے، ایران کے بعد کیوبا کا معاملہ بھی سامنے آ سکتا ہے جہاں عوام کو ان کے بقول آمرانہ نظام کا سامنا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے