اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اراکین سے حکومت کی دو سالہ کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تمام وزراء کو اپنی اپنی وزارتوں کی کارکردگی سے متعلق جامع رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف وفاقی وزارتوں میں کارکردگی کے جائزے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اس وقت وفاقی وزراء سے فرداً فرداً ملاقاتیں کر رہے ہیں اور ان کی وزارتوں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ لی جا رہی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ بجٹ کے بعد وفاقی کابینہ میں ممکنہ ردوبدل اور نئے چہروں کی شمولیت کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، کارکردگی رپورٹ کا مقصد حکومتی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لے کر آئندہ حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔