English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم کا فضلے سے بجلی بنانے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ

القمر

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کوڑا کرکٹ اور فضلہ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے ایک اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے جو اس شعبے میں قومی سطح پر نئی پالیسی وضع کرے گی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری اس ٹاسک فورس کے کنونیئر ہوں گے جبکہ ٹیم میں وفاقی وزیر مصدق ملک اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

یہ ٹاسک فورس ملک میں فضلہ سے توانائی حاصل کرنے کے موجودہ نظام کا بغور جائزہ لے گی اور بین الاقوامی سطح پر رائج جدید ترین طریقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے لیے ایک مربوط اور واضح روڈ میپ تیار کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔

اس کے علاوہ ٹاسک فورس نجی شعبے کے لیے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی، ریگولیٹری اور آپریشنل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات تجویز کرے گی تاکہ ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں کو معاشی طور پر مستحکم بنایا جا سکے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ کوڑے سے بجلی کی پیداوار نہ صرف توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دے گی بلکہ اس سے شہروں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا جس کے نتیجے میں ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

ٹاسک فورس اپنی سفارشات میں ادارہ جاتی اصلاحات اور شفاف حکمت عملی پر زور دے گی تاکہ ویسٹ ٹو انرجی کے منصوبے طویل المدتی بنیادوں پر چل سکیں اور نجی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو سکے جو اس شعبے کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق یہ اقدام ملکی معیشت کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ پاکستان میں فضلہ کو ٹھکانے لگانے کا کوئی موثر انتظام نہیں ہے، تاہم اب اس کو توانائی میں تبدیل کرنے سے ملکی وسائل میں اضافہ ہوگا اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہو سکے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے