ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

روسی ڈرون رومانیہ کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ، اپارٹمنٹ متاثر، یورپ میں تشویش

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ نے ایک نیا اور خطرناک رخ اس وقت اختیار کرلیا جب روسی ڈرون یوکرین پر مبینہ حملے کے دوران سرحد عبور کرتے ہوئے نیٹو رکن ملک رومانیہ کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا اور ایک رہائشی عمارت سے ٹکرا گیا، جس کے بعد خطے میں سیکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ پہلا موقع قرار دیا جارہا ہے جب روسی ڈرون نے براہ راست کسی نیٹو رکن ملک میں شہری عمارت کو نقصان پہنچایا ہو، جس واقعے نے یورپی ممالک میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ڈرون رومانیہ کے مشرقی شہر گالاتی میں ایک اپارٹمنٹ عمارت کی چھت سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں عمارت کے ایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی اور رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا پڑا۔ واقعے کے دوران علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ متعدد افراد گھروں سے باہر نکل آئے۔

رومانیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کو نیٹو فضائی نگرانی کے نظام نے جیسے ہی ملکی حدود میں داخل ہوتے دیکھا تو فوری طور پر ریڈار پر ٹریک کرلیا گیا۔ اس کے بعد دو ایف سولہ لڑاکا طیارے اور ایک ہیلی کاپٹر فوری طور پر روانہ کیے گئے، تاہم حکام کے مطابق ڈرون کی آمد اور عمارت سے ٹکرانے کے درمیان صرف چار منٹ کا انتہائی مختصر وقت تھا، جس کے باعث اسے بروقت نشانہ بنا کر تباہ کرنا ممکن نہ ہوسکا۔

حادثے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ متعدد خاندانوں کو حفاظتی اقدامات کے تحت عمارت سے نکال لیا گیا۔ امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے لیے طویل کارروائی کی۔

رومانیہ کے صدر نکوشور ڈین نے اس واقعے کو سنگین اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ حکومت نے روسی سفیر کو طلب کرکے اس واقعے پر سخت احتجاج بھی ریکارڈ کرایا ہے۔

ادھر نیٹو اور یورپی یونین کی جانب سے بھی اس پیش رفت پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے کہا ہے کہ روسی اقدامات خطے میں خطرناک حدوں کو عبور کررہے ہیں جبکہ نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے واضح کیا ہے کہ اتحاد اپنے تمام رکن ممالک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھی روسی ڈرون متعدد مرتبہ رومانیہ کی فضائی حدود میں داخل ہوچکے ہیں، تاہم یہ پہلا واقعہ ہے جس میں کسی رہائشی عمارت کو نقصان پہنچا اور شہری زخمی ہوئے ہیں، جس نے صورتحال کو غیر معمولی طور پر حساس بنا دیا ہے۔

دوسری جانب یوکرین کے جنوبی علاقوں میں بھی رات بھر فضائی حملوں کے سائرن بجتے رہے، جبکہ بحیرہ اسود کے علاقے میں یوکرینی تجارتی جہازوں پر ڈرون حملوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ روسی وزارت دفاع کا دعویٰ ہے کہ اس نے گزشتہ رات کے دوران دو سو سے زائد یوکرینی ڈرون مار گرائے ہیں، تاہم آزاد ذرائع سے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں