اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات شامل کر رہی ہے جبکہ غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم سے معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی، جس میں میاں محمد منشاء، عارف حبیب، عاطف باجوہ، محمد علی ٹبہ، مصدق ذوالقرنین، زیاد بشیر سمیت دیگر کاروباری رہنما شریک تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری برادری پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور دنیا بھر میں ملک کی مثبت شناخت کو اجاگر کر رہی ہے۔ انہوں نے مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر کاروباری طبقے کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری معاشی استحکام اور ترقی کی ضمانت ہے جبکہ معیشت سے متعلق پالیسی سازی میں کاروباری برادری سے مشاورت کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات پر مبنی ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور یہی ملکی معاشی حکمت عملی کا بنیادی ستون ہے، کاروبار دوست پالیسیوں کے نتیجے میں ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت ایسی صنعتوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے جن سے ملکی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہو جبکہ آئندہ بجٹ میں عوامی فلاح اور ریلیف کے اقدامات کو ترجیح دی جائے گی۔
