English Al Qamar Urdu جون 21, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چینی صدر شی جن پنگ کا شمالی کوریا کا دورہ، ناقابلِ شکست دوستی کا اظہار

القمر

پیانگ یانگ: چین کے صدر شی جن پنگ ایک اہم سرکاری دورے پر شمالی کوریا پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو“ناقابلِ شکست دوستی” قرار دیتے ہوئے باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق شی جن پنگ نے پیانگ یانگ پہنچنے پر کہا کہ چین اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات تاریخی، اسٹریٹجک اور غیر متزلزل نوعیت کے حامل ہیں، موجودہ عالمی حالات میں دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا تاکہ خطے میں استحکام اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ دورہ 2019 کے بعد شی جن پنگ کا شمالی کوریا کا پہلا دورہ ہے جو ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات تعطل کا شکار ہیں اور خطے میں کشیدگی بدستور موجود ہے۔ چین کو طویل عرصے سے شمالی کوریا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور اہم سفارتی و اقتصادی معاون سمجھا جاتا ہے۔

بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں اس دورے کو اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب امریکا اور چین کے درمیان بھی عالمی معاملات پر مختلف نوعیت کے اختلافات پائے جاتے ہیں۔ گزشتہ ماہ امریکی صدر اور چینی صدر کے درمیان ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے مشترکہ مقصد کی توثیق کی ہے۔

شمالی کوریا کی جانب سے اس مؤقف کو سختی سے مسترد کیا گیا ہے۔

شمالی کوریا کی اعلیٰ قیادت کم یو جونگ نے امریکی دعوؤں کو “جھوٹی معلومات” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اب بھی پرانی سوچ اور غیر حقیقت پسندانہ توقعات کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے،شمالی کوریا اپنے دفاعی جوہری نظام کو مزید مضبوط بنانے کی پالیسی پر قائم رہے گا اور اس میں کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔

چینی صدر نے شمالی کوریا کے سرکاری اخبار میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو اجاگر کیا، عالمی حالات جیسے بھی ہوں، چین اور شمالی کوریا کی روایتی دوستی ہمیشہ مضبوط اور ناقابلِ شکست رہے گی اور دونوں ممالک کو مشترکہ مفادات کے لیے تعاون بڑھانا چاہیے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے