سری نگر/کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اکنامک آفنسز ونگ (EOW) کشمیر نے جعلی تقرری ناموں کے ذریعے سرکاری ملازمتیں دلانے کا جھانسہ دے کر لوگوں سے رقم ہتھیانے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ پیش کردی ہے۔کرائم برانچ کے ترجمان نے بتایا کہ EOW کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 12/2026میں ملزم عبدالمجید میر ولد عبدالرحیم میر، ساکن لشتیال، کلاروس، کپواڑہ کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعات 420، 468 اور 471 کے تحت سری نگر کی فاریسٹ مجسٹریٹ عدالت میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔
ترجمان کے مطابق مقدمہ ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ملزم نے شکایت کنندہ کے بیٹے کو سرکاری ملازمت دلانے کے بہانے لاکھوں روپے وصول کیے۔ملزم نے مبینہ طور پر ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ تقرری کا ایک حکم نامہ بھی فراہم کیا، جو بعد میں جعلی اور فرضی ثابت ہوا۔
ترجمان نے کہا کہ دورانِ تفتیش الزامات کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد معاملہ عدالتی فیصلے کے لیے مجاز عدالت میں پیش کردیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں 15 فوجداری مقدمات درج ہیں۔ اسے 18 جولائی 2026کو گرفتار کیا گیا تھا اور فی الحال وہ سینٹرل جیل سری نگر میں قید ہے۔ترجمان کے مطابق ملزم مبینہ طور پر لوگوں کو دھوکہ دینے اور ان سے رقم ہتھیانے کے لیے بااثر شخصیات اور بیوروکریٹس کا روپ دھارتا تھا۔