نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے 19 ستمبر کو مدھیہ پردیش کے اندور میں طلبہ سے ملاقات اور ان کے مسائل سننے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے طلبہ، ان کے اہل خانہ اور تعلیمی نظام سے پریشان افراد سے ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام میں بڑی تعداد میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔
راہل گاندھی نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنی پوسٹ میں کہا کہ وہ 19 ستمبر کو اندور آ رہے ہیں تاکہ طلبہ سے ملاقات کریں، ان کی بات سنیں اور ان سے گفتگو کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر طلبہ یا ان کے اپنے لوگ تعلیمی نظام سے ستائے ہوئے ہیں اور چاہتے ہیں کہ موجودہ حالات تبدیل ہوں تو ’چھاتروں کی گونج‘ ان کی اجتماعی آواز ہے اور تبدیلی کی شروعات کا ایک موقع ہے۔
انہوں نے طلبہ سے پروگرام میں شامل ہونے کے لیے اپنی پوسٹ میں دیے گئے لنک کے ذریعے رجسٹریشن کرانے اور بڑی تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اندور میں تعلیم کے ہر پہلو اور طلبہ کو درپیش ان کی جدوجہد پر تفصیل سے گفتگو کی جائے گی۔
راہل گاندھی نے گزشتہ ہفتے بھی ملک کے تعلیمی نظام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ نظام اس نسل کی مناسب مدد کرنے میں ناکام ہو رہا ہے، جس کی خدمت کے لیے اسے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے طلبہ، والدین اور اساتذہ سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے تجربات بیان کریں اور بتائیں کہ انہوں نے تعلیمی نظام سے امید کیوں کھو دی ہے۔
کانگریس رہنما کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام کو درست کرنے کا عمل ان لوگوں کی بات سننے سے شروع ہونا چاہیے جو ہر روز اس کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے طلبہ، والدین اور اساتذہ سے اپنے تجربات، شواہد اور تجاویز ایک آن لائن لنک کے ذریعے شیئر کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
اندور کا پروگرام ’چھاتروں کی گونج‘ مہم کا پانچواں ایڈیشن ہوگا۔ اس سے پہلے راہل گاندھی کوٹا، دہرادون، پریاگ راج اور پونے میں اس مہم کے تحت پروگرام کر چکے ہیں۔ 22 اگست کو پونے میں منعقد ہونے والا پروگرام خاص طور پر طالبات پر مرکوز تھا۔