محمد تسکین
رام بن // رام بن ضلع کے بٹوت تحصیل کے سنا علاقے میں زیارت موڑ کے قریب منگل کی شام ایک کار سے رام بن پولیس کے دو اہلکار مشتبہ حالات میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے، جنہیں مقامی لوگوں نے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔
متوفین کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل فرید احمد (408/Rbn)، ساکن بھتی رام بن، اور سلیکشن گریڈ کانسٹیبل محمد یعقوب (309/Rbn)، ساکن جٹگلی رام بن، کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز رام بن میں تعینات تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تقریباً رات 8:30 بجے اس وقت سامنے آیا جب دونوں اہلکار زیارت موڑ پر ایک Fiat Vias گاڑی (JK-19/5299) میں پائے گئے۔لاشوں کو قانونی و طبی کارروائی کے لیے ضلع اسپتال رام بن میں رکھا گیا ہے جہاں ایس ایس پی رامبن ارون گپتا سمیت پولیس اور ہسپتال کے حکام پہنچ گئے ہیں۔ پولیس نے واقعے کے حالات اور موت کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔