سری نگر/حکومت نے جمعہ کو قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ ضلع بارہمولہ کے اُوڑی علاقے میں بڑے پیمانے پر تجارتی باغات، بالخصوص زیتون اور دیگر موزوں غیر پھل دار پودوں کی کاشت کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ ریسرچ کم فزیبلٹی اسٹڈی کرائی جائے گی۔یہ جانکاری زراعت پیداوار محکمہ نے اُوڑی کے رکن اسمبلی سجاد شفیع کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں دی۔
حکومت نے بتایا کہ یہ مطالعہ شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (SKUAST) کشمیر کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔ اس کا مقصد اُوڑی میں بڑے پیمانے پر تجارتی پودوں کی کاشت کے امکانات اور موزونیت کا جائزہ لینا ہے، کیونکہ علاقے میں روایتی زراعت اور باغبانی کے مواقع محدود ہیں۔
حکومت نے کہا کہ مطالعے کے دوران ڈیمونسٹریشن پلانٹیشن، نرسریوں کے قیام اور جہاں موزوں پایا جائے وہاں ویلیو چین کے مواقع کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔متعلقہ وزیر نے بتایا کہ مطالعے کے نتائج سے تجارتی طور پر قابلِ عمل پلانٹیشن ماڈلز کی نشاندہی کرنے اور مستقبل میں اس شعبے کے لیے اقدامات کی رہنمائی میں مدد ملے گی۔حکومت نے مزید کہا کہ مطالعے کے نتائج کی بنیاد پر پائلٹ بنیادوں پر باغات لگانے اور کامیاب ماڈلز کو بعد میں بڑے پیمانے پر وسعت دینے کے لیے متعلقہ محکموں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ایک ایکشن پلان پر غور کیا جائے گا۔