ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

خطے کی صورتحال تشویشناک، دنیا نئی جنگ کے لیے تیار رہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال بہت نازک اور تشویشناک ہے، دنیا اس نئی جنگ کے لیے تیار رہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا خطہ امن و خوشحالی سے محروم رہا، حالات نے نئی کشیدگی کو جنم دیا ہے،31 دسمبر کو بغداد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا گیا، امریکا اس واقعے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہراتا ہے، امریکا کی نظر میں جنرل قاسم سلیمانی اس کا ماسٹرمائنڈ ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماہرین اسامہ بن لادن اور ابوبکر بغدادی کی ہلاکت سے زیادہ اس واقعے کو سنگین قرار دیتے ہیں، ایران نے ہنگامی سیکورٹی کونسل کا اجلاس بلایا جب کہ عراق میں بھی اس واقعے کے خلاف عوامی ردعمل سامنے آیا، عراق میں قاسم سلیمانی کے جنازے سے ردعمل کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے جب کہ عراقی پارلیمنٹ نے تمام غیرملکی فوجیوں کے لیے ملک چھوڑنے کی قرارداد پاس کی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے 3 تاریخ کو اپنا نقطہ نظر پیش کیا، ایرانی وزیرخارجہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور متحدہ عرب امارات سمیت ترکی اور سعودی عرب کے وزرائےخارجہ سے بھی تفصیل سے گفتگو کی جب کہ یورپی ممالک اور دیگر ممالک سے بھی رابطے کریں گے۔

وزیرخارجہ نے پالیسی بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال بہت نازک اور تشویشناک ہے جب کہ صورتحال کبھی بھی کروٹ لے سکتی ہے، ایرانی سپریم لیڈر برملا انتقام کا اظہار کر چکے ہیں، خامنہ ای اپنی قوم سے بدلے کا وعدہ کر چکے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایران میں غم و غصے کی کیفیت فطری ہے جب کہ مقتدی الصدر نے اپنی فورسز کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کہتے ہیں مشرق وسطی کو ایک نئی جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، دنیا اس نئی جنگ کے لیے تیار رہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں