اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ2023ء کے انتخابات میں بھی پی ٹی آئی اقتدار میں آئے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں وفاق کی مخالف ہیں‘ پی ڈی ایم جماعتوں کا نہ تو کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی کوئی ایجنڈا، اس لیے لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ ہم گھبرانے والے نہیں ہیں‘ پی ڈی ایم احتجاج اور مارچ کا شوق پورا کر لے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماضی کی تحریکوں کی طرح اس دفعہ بھی پی ڈی ایم کو مایوسی ہو گی لیکن حکومت گرانے کی خواہش صرف خواہش ہی رہے گی‘ پی ٹی آئی واحد
سیاسی جماعت ہے جو فیڈریشن کی حامی اور قومی سیاسی جماعت ہے‘ حکومت کا ایجنڈا قومی ہے جس کی جڑیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی‘ اسمبلی سے باہر بیٹھنے والے وقت کا انتظار کریں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ 2023ء کے انتخابات میں بھی پی ٹی آئی اقتدار میں آئے گی‘ تحریک انصاف کو کمزور ملکی معیشت ورثے میں ملی ہے‘ اقتدار ملا تو خزانہ خالی اور ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا جبکہ ملک کو اندرونی و بیرونی سطح پر بحرانوں کا سامنا تھا۔