
کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی اور حق دو کراچی کو تحریک کے قائد حافظ نعیم الرحمن نے کامیاب دھرنے کے سلسلے میں ضلع ملیر کے تحت ریلی میں شرکت کی اور دائود چورنگی ، 89،محمد نگر سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا ، مختلف مقامات پر ریلی کا شاندار استقبال کیا گیا ، معززین علاقہ اور عوام نے امیر جماعت اسلامی کو ہار پہنائے اور ریلی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ، اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع ملیر کے امیر محمد اسلام ، سیکرٹری ضلع مفخر علی ، پبلک ایڈ کمیٹی کے قدر گل ، کامران نواز اور دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اس وقت کراچی کے رہنے والے تمام لوگوں کے حق کے لیے سب سے مؤثر اور توانا آواز ہے ،ہم نے شہر کے مسائل کے حل کے لیے احتجاج کیا ، ایم اے جناح روڈ پر کراچی بچائو مارچ کیا ،دستخطی مہم چلائی ، کیمپ لگائے اور بالآخر سندھ اسمبلی پر طویل دھرنا دیااور سردی ، بارش ،آندھی اور طوفان کے باوجود لوگ ڈٹے رہے جس نے سندھ حکومت کو مذاکرات پر مجبور کیا اور ہمارے بہت سارے مطالبات تسلیم کیے گئے، جس کے نتیجے میں یہ طے ہو گیاہے کہ جوکراچی کا میئر ہوگا وہی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا چیئر مین ہو گا ،اسی طرح بہت سے مالیاتی اختیارات بھی بلدیہ کو ملیں گے ،یہ جماعت اسلامی اور عوام کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ صوبائی حکومت اپنی کہی ہوئی بات سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور سندھ اسمبلی سے جب تک بلدیاتی قانون میں ترمیم نہیں ہو جاتی ہماری تحریک جاری رہے گی، چند دنوں میں یہ ترمیم منظور ہونے کے بعد جب یہ کالا قانون ختم ہوگا اور محکمے بلدیہ کو واپس مل جائیں گے تب بھی کراچی کے بے شمار مسائل اور ا س کے حل کے لیے جماعت اسلامی کی تحریک جاری رہے گی اور اب اس تحریک کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے ، 4 مارچ سے حقوق کراچی کارواں کا آغازہو گاجو شہر کے مسائل کے حل کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا،تمام کارکنوں اور ہمدردوں سے کہتا ہوں کہ رابطہ عوام مہم میں اپنا حصہ ڈالیں ،گلی گلی پیغام پہنچائیں ۔