ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کیلئے 130 ارب روپے کی منظوری

جھنگ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت بے گھر اور کم وسائل کے حامل لوگوں کو نیا پاکستان ہائوسنگ پروجیکٹ کے تحت3 سے10 مرلہ تک گھروں کی تعمیرکے لیے انتہائی آسان شرائط پر قرضے فراہم کر رہی ہے اور اس ضمن میں اب تک260 ارب روپے کے قرضوں کے حصول کے لیے درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن میں سے130 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری اور 40 ارب روپے کی رقم جاری بھی کردی گئی ہے‘ تمام بینکوں کو قانونی طور پر اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ کم آمدنی والے حضرات کو زیادہ سے زیادہ ہائوسنگ لون جاری کریں‘ہیلتھ کارڈ کا اجرا وزیراعظم عمران خان کا شاندار کارنامہ ہے‘ عمران خان نے بلاامتیاز ہر شخص کی جیب میں 10 لاکھ روپے ڈال کر نہ صرف اسے لکھ پتی بنادیا ہے بلکہ اب ہر گھرانہ اس رقم سے ملک بھر میں کہیں بھی اپنی پسند کے اسپتال میں علاج کراسکتا ہے‘ اب ہر شخص کا شناختی کارڈ ہی اس کا ہیلتھ کارڈ ہوگا۔ وہ اتوار کو پریس کلب جھنگ میں منعقدہ پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس جھنگ کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پنجاب کی تمام12 کروڑ آبادی کے ہر گھرانے کو31 مارچ تک ہیلتھ کارڈ مل جائے گا جبکہ اب تک 20 لاکھ لوگ46 ارب روپے سے اپنی مختلف بیماریوں کا علاج کراچکے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا اس وقت آئی ٹی کی برآمدات 80 لاکھ ڈالر تھیں جو اب3 ارب ڈالر کے قریب ہوچکی ہیں اور ان میں بتدریج اضافہ بھی کیا جا ئے گا۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے زرعی ایمرجنسی پیکیج کے تحت اس سیکٹر پر 300 ارب روپیہ خرچ کر رہے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ 1967ء کے بعد ملک میں کوئی نیا ڈیم نہیں بنایا گیا جس سے زیادہ تر بجلی فرنس آئل سے بنتی ہے لیکن ہم 10نئے ڈیم بنارہے ہیں جن سے 10ہزار میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ 19000 ٹن یوریا کا جہاز چند روز میں لگ جائے گا۔ انہوں نے صحافیوں کے لیے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو ذاتی گھروں کی تعمیر کے لیے کامیاب جوان اور نیا پاکستان ہائوسنگ فنانس اسکیم سے فائدہ اٹھانا چاہیے جس کے لیے ہم پریس کلب سے مل کر بینکوں کے ساتھ ایک ایم او یو بھی سائن کرائیں گے‘ حکومت جرنلسٹ اینڈ میڈیا پروٹیکشن بل کے بعد آزاد کمیشن بنانے جا رہی ہے جس میں سینئر صحافی شامل ہوں گے اور اب کسی صحافی کو بیک جنبش قلم ملازمت سے فارغ اور اس کا استحصال نہیں کیا جاسکے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں