ٹنڈوجام(نمائندہ جسارت)حضور شیخ العالم ٹرسٹ کے چیئرمین اور معروف عالم دین ڈاکٹر سلطان العارفین صدیقی نے کہا ہے کہ ختم نبوت پر کسی سے کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا ملک میں مہنگائی ہے جس کی وجہ سے غریب آدمی کا جینا دوبھر ہو گیا ہے پریس پر پابندی لگانے سے ملک میں انتشار پھیلے گا۔ یہ بات انھوں نے ٹنڈوجام میں میجر رائو حنیف کی یاد میں منعقد تقریب سے اور النور سینٹر کی افتتاحی تقریب محفل ذکر ونعت سے خطاب اور پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا ختم نبوت قانون پر ہم کسی طرح کا سمجھوتا نہیں کر سکتے میر پورخاص میں قادیانیوں کا مسجد کی طرز پر عبادت گاہ تیار کرنا مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے سے مترادف ہے حکومت کو انھیں روکنا چاہیے ان کی سرگرمیوں کو لگام دینی چاہیے ورنہ پورے ملک میں ختم نبوت پر زبردست تحریک چل سکتی ہے۔ انھوں نے کہا اس وقت پورے ملک میں کہیں بھی مدینے کی ریاست نظر نہیں آرہی۔ انھوں نے کہا کہ جو لوگ عورت آزادی مارچ کی باتیں کر رہے حکومت کو انھیں روکنا ہی نہیں گرفتار کرکے جیل میں ڈالنا چاہیے یہ ملک اسلام کے نظریے پر بنا تھا اس ملک میں اور ہر جسم پر اللہ اور اس کے رسولﷺ کی ہی مرضی چلے گی اس کے علاوہ کسی کی نہیں ۔انھوں نے کہا ملک میں منگائی کی وجہ سے لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے ،اگر حکمراں اللہ سے مانگتے تو اللہ تعالیٰ نہیں کبھی بھی آئی ایم ایف کے سامنے کساسہ پھیلنے نہیں دیتا۔ انھوں نے کہا اگر کوئی شخص مہنگائی کی وجہ سے بھوکا سوتا ہے یہ خودکشی کرتا ہے تو اس کی جواب دہی حکمران کو اللہ تعالیٰ کے سامنے روزے قیامت کرنی پڑے گی۔ انھوں نے کہا جب بھی حکمران ناکام ہوتے ہیں تو سب سے پہلے میڈیا پر پابندی لگاتے ہیں ، پریس پر پابندی سے ملک میں انتشار پھیلے گا پریس پر پابندی کے بجائے حکمراں ایسے کام کریں کہ انھیں کسی پر پابندی لگانے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔ انھوں کہا شیخ العالم ٹرسٹ کے تحت ٹنڈوجام میں تعمیر ہونے والا اسپتال مارچ کے آخر تک کام شروع کر دے گا جس سے ٹنڈوجام کے عوام کو علاج معالج کی سہولت میسر آئے گی ۔اس موقع پر ڈاکٹر خلیفہ سعید رائو عمران حاجی عابد ہارون رائو ایوب رائو حامد گوہر انجمن تاجران کے صدر عبد المنان راجپوت سمیت دیگر علما کرام بھی موجود تھے۔