کابل (صباح نیوز) افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کہا ہے کہ جو شہری افغانستان سے باہر جاچکے ہیں وہ اپنے ملک واپس آجائیں، عام معافی کے اعلان کے تحت تمام شہریوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہلی بار منظر عام پر آکر کابل میں نیشنل پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج حقانی نے کہا کہ ہماری جدوجہد اور واحد آرزو اسلامی نظام کا قیام رہی، انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ کابل اور دیگر شہروں میں کلیئرنس آپریشن کے دوران پولیس اہلکار شہریوں سے نرم رویہ رکھیں اور اگر آپریشن کلین اپ کے دوران کسی شہری سے کوئی بھی مسئلہ ہو تو علما سے مشاورت کریں۔ خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت قائم ہونے کے بعد وزیر داخلہ کا عہدہ سنبھالنے والے سراج الدین حقانی پہلی بار منظر عام پر آگئے۔ سراج حقانی کابل میں نیشنل پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ کی تقریب میں میڈیا اور عوام کے سامنے آئے۔ طالبان حکومت کی وزارت اطلاعات نے تصدیق کی کہ نائب افغان وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر کے پرنسپل سیکرٹری عبداللہ عوام نے سراج حقانی کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کیں۔ پاسنگ آﺅٹ تقریب میں امارت اسلامیہ پولیس نے نئے یونیفارم کے ساتھ شرکت کی۔ سراج الدین حقانی طالبان کے کابل پر قبضے کے باوجود منظر عام پر نہیں آئے تھے اور تصاویر جاری کرنے پر پابندی عاید کردی تھی۔اس سے پہلے سراج حقانی کی صرف ایک مبہم تصویر میڈیا پر تھی، سراج حقانی نے اس سے پہلے ہمیشہ کوشش کی کہ ان کی تصویر وڈیو میڈیا پر نہ آئے۔ طالبان کی امریکا سے جنگ کے دوران امریکا نے سراج حقانی کو انتہائی مطلوب شخص قرار دے رکھا تھا اور ان کی گرفتاری میں مدد پر 50 لاکھ ڈالر کا انعام تھا۔سراج حقانی اب بھی امریکا اور اقوام متحدہ کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔
The post افغان شہری واپس آجائیں تحفظ فراہم کریں گے ،افغان وزیر داخلہ appeared first on Daily Jasarat News.